جموں، 29 نومبر ‘جمو ں و کشمیر کے ضلع سانبا میں پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیر اعظم عہدے کے امیدوار اور گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی کا پوسٹر پھاڑنے کے الزام میں دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے آج یہاں بتایا کہ باری برہمن علاقے میں مقامی لوگوں نے دو افراد کو مسٹر مودی کا پوسٹر پھاڑتے ہوئے دیکھا۔ مقامی لوگوں نے بی جے پی کے نائب صدر پرکاش گنگا کو معاملےسے آگاہ کرایا جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔کچھ ہی دیر بعد پولیس کی ٹیم جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور دونوں ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کی شناخت کٹھوعہ کے روی پرکاش اور ریاسی کے ظفر حسین کے طور پر کی گئی ہے۔ پوچھ گچھ میں انہوں نے بتایا کہ وہ نشے کی حالت میں تھے اور انہوں نے رسوئی گھر کی الماری میں بچھانے کے لئے پوسٹر پھاڑے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔مسٹر مودی یکم دسمبر کو یہاں للکار یلی سے خطاب کریں گے۔ اسی سلسلے میں شہر میں ان کے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔