جموں: فلم انڈسٹری کو فلموں کی عکس بندی کیلئے ریاست جموں وکشمیر آنے کی دعوت دیتے ہوئے بالی ووڈ اداکار راج ببر نے کہا کہ وادی کشمیر نے انہیں ایک شناخت دی ہے ۔آج دوپہر یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘‘کشمیر نے مجھے ایک شناخت دی کیونکہ میں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کشمیر سے ہی کیا۔’’ بالی ووڈ فلم اداکار سے سیاست دان بننے والے راج ببرنے کہا کہ ‘‘ مجھے یہ کہنے میں کبھی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی ہے کہ یہ میرا ‘جموں وکشمیر ہے ’ کیونکہ اس نے مجھے ایک نئی شناخت دی ہے ۔’’ راج ببر نے کہا کہ ‘‘بالی ووڈ سے وابستہ لوگوں کو فلموں کی عکس بندی کیلئے کشمیر، جموں اور لداخ آنا چاہئے جس سے ریاست کے سیاحتی شعبے کو فروغ ملے گا۔’’ خیا
ل رہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے حال ہی میں ممبئی جاکر وہاں بالی ووڈ کے اداکاروں اور ہدایت کاروں کو کشمیر آنے کی دعوت دی۔
سلمان خان کے ریمارکس کہ کشمیر میں سنیما گھروں کو دوبارہ کھول دیا جانا چاہئے ، پر اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے مسٹر ببر نے کہا کہ ‘‘ بحیثیت فلم اداکار اُن کی بات بالکل صحیح ہے اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں ہے ۔ کشمیر میں سنیما گھروں کو کھول دیا جانا چاہئے تاکہ لوگوں بھی اپنے پسندیدہ اداکاروں کی فلمیں دیکھ سکیں۔’’ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی استحقاق ہے کہ یہ مناسب ہے یا نہیں اور سمینا گھر وادی میں بند کیوں کردیئے گئے تھے ۔ سلمان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کی کشمیر میں عکس بندی مکمل کرلی ہے جو عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔ سلمان خان کشمیر میں زیادہ سے زیادہ فلموں کی عکس بندی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کشمیر کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر کہا ہے کہ جس نے وادی کشمیر کے دلکش مناظر کو نہیں دیکھااس نے دنیا میں کچھ بھی نہیں دیکھا۔