سری نگر:وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کے دوران ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں بشمول گرمائی درالحکومت سری نگر میں پیر کی شام سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے سبب پوری وادی سردی کی لپیٹ میں آگئی ہے اور لوگوں نے گرم ملبوسات بشمول فرن پہننے کا استعمال شروع کردیا ہے ۔
تاہم محکمہ موسمیات کے ترجمان نے ایک اچھی خبر دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کا سلسلہ عیدالاضحی کی تقریب سعیدسے ایک روز قبل یعنی 24 ستمبر کو تھم جائے گا جس کے بعد آنے والے تین دنوں تک وادی میں موسم خشک رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ‘24 ستمبر تک کہیں کہیں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے لیکن اس کے بعد آنے والے تین دنوں تک موسم خشک رہے گا’۔ ترجمان نے بتایا کہ خطہ جموں میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران بڑے پیمانے یا کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں اور خطہ لداخ میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔ وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول پوتر امرناتھ گھپا اور اس سے ملحقہ علاقوں شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ، پنج ترنی اور پہلگام کی دیگر بلندیوں پر گذشتہ رات ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی ہے ۔
ایک ہوٹل مالک نے پہلگام سے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ پہلگام کے میدانی علاقوں میں گذشتہ شام سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گلمرگ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جس کے سبب وہاں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو 6 اعشاریہ 6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ گرمائی درالحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کے دوران 17 اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے سبب وہاں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔ گذشتہ دن کے 13 اعشاریہ 6 ڈگری کے مقابلے میں سری نگر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12 اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔