سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں بالخصوص گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی۔ وادی کے میدانی علاقوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں جہاں جمعہ کو دوپہر ایک بجے تک اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی، وہیں دوپہر ایک بجے آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں۔ اس کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔
وادی میں گذشتہ رات شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین جگہ ثابت ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب خطہ لداخ میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق قصبہ کرگل اور لیہہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 20 ڈگری اور منفی 10 اعشاریہ 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو فون پر بتایا ‘خطہ میں گذشتہ روز داخل ہونے والی مغربی ہوائیں کمزور پڑ گئی ہیں۔ ریاست میں اگلے تین روز کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک اور سرد رہے گا’۔
گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ بالائی علاقوں بشمول کونگ ڈوری، کھلن مرگ اور افروٹ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘گلمرگ کے میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ‘۔
مذکورہ ہوٹل مالک نے بتایا کہ گذشتہ چند برسوں کے مقابلے میں رواں سرمائی سیزن میں گلمرگ آنے والے سیاحوں کی تعداد اطمینان بخش ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منفی درجہ حرارت کے باوجود سیاحوں کو رات دیر گئے تک برفیلی ڈھلانوں کی سیر کرنے میں مصروف دیکھا جارہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی درج کی گئی اور منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی گذشتہ رات سے ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ پہلگام میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام کے بالائی علاقوں بشمول پوتر امرناتھ گھپا اور اس کو جوڑنے والے علاقوں چندن واڑی، شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ اور پنج ترنی میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی ہے ۔
وسطی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے ۔ ضلع گاندربل میں امرناتھ یاترا کے مختصر راستے پر موجود بیس کیمپ بال تل میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے ۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر جہاں جمعہ کو دوپہر ایک بجے کے بعد شدید سرد ہوائیں چلنے لگیں، میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
جنوبی کشمیر میں گیٹ وے آف کشمیر کہلائے جانے والے ‘قاضی گنڈ’ اور شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 4 ڈگری اور منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے ککر ناگ میں بھی منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔