نئی دہلی: راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے صدر اپیندر کشواہا نے آج کہا کہ ان کی پارٹی نے بہار اسمبلی انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم کوحتمی شکل دینے کا فیصلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ پر چھوڑ دیا ہے لیکن یہ فیصلہ جلد ہونا چاہئے ۔مسٹر کشواہا نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم نے مسٹر شاہ کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں منظورہوگا لیکن یہ فیصلہ جلد کیا جانا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے اتحادیوں کے درمیان بات چیت جاری ہے اور ان کی پارٹی بھی اس میں شامل ہے ۔اس درمیان بی جے پی کے بہار انتخابات انچارج اننت کمار نے مسٹر کشواہا کی جانب مسٹر شاہ کو لکھے گئے خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آر ایل ایس پی کے صدر کا فیصلہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بہار میں سیٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر آر ایل ایس پی، لوک جن شکتی پارٹی اور ہندوستانی عوام مورچہ کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہی ہے ۔بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی این ڈی اے کے اتحادیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر سرگرمی تیز ہو گئی ہے
اسی سلسلے میں ایل جے پی کے قومی صدر رام ولاس پاسوان اورہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جتن رام مانجھی نے کل یہاں مسٹر اننت کمار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جبکہ مسٹر کشواہا نے منگل کی رات کو ان سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق بی جے پی بہار میں تقریباََ160 سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتی ہے ۔ اس صورت حال میں اتحادی جماعتوں کے لئے تقریبا 80 نشستیں بچتی ہیں جبکہ ایل جے پی، ہندوستانی عوام مورچہ، آر ایل ایس پی ہی 150 نشستیں مانگ رہی ہیں. یہی وجہ ہے کہ ابھی تک این ڈی اے سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل نہیں دے پایا ہے ۔