ٹوکیو۔دولت مشترکہ کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ پروپلی کشیپ دو لاکھ 75 ہزار ڈالر کی انعامی رقم والے جاپان اوپن سپر سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں جمعہ کو کوارٹر فائنل مقابلے میں ہار کر باہر ہو گئے ہیں اور ان کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی چیلنج بھی ختم ہو گیا۔مرد وں کے سنگلز کوارٹر فائنل مقابلے میں دنیا کے آٹھویں رینک کھلاڑی کشیپ کو ساتویں رینک چینی تایپئي کے چو تیئن چین نے 42 منٹ میں مسلسل گیموں میں 14-21 18-21 سے شکست دے کر باہر کر دیا۔ کشیپ اس سے پہلے چین کے خلاف تین بار کھیل چکے ہیں جس میں ہندوستانی کھلاڑی نے دو بار جیت حاصل کی تھی لیکن اس بار چینی تائپیے کھلاڑی نے اپنے ریکارڈ میں بہتری لاتے ہوئے گیمس 2-2 سے برابر کر دیا۔ چین نے کشیپ کو اسی سال آل انگلینڈ ٹورنامنٹ میں بھی شکست دی تھی۔اس سے پہلے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں جمعرات کو کشیپ نے ہم وطن اور تیسری رینک کدامبی سری کانت کو شکست دے کر باہر کیا تھا۔لیکن وہ بھی جیت کے سلسلہ کو برقرار نہیں رکھ سکے ۔ کشیپ ٹورنامنٹ میں واحد ہندستانی کھلاڑی رہے جنہوں نے کوارٹر فائنل تک کا سفر طے کیا۔اس بار ٹورنامنٹ میں تمام ہندستانی شٹلرو ں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور دنیا کی نمبر ایک خاتون کھلاڑی سائنا نہوال دوسرے راؤنڈ میں ہی ہار کر باہر ہو گئی تھی۔دیگر ہندوستانیوں میں پی وی سندھو ، جوالا گٹا ، اشونی پونپپا، اجے جے رام، پردنیا گادرے اور این سکی ریڈی کی جوڑی بھی اپنے زمروں میں ابتدائی دور میں ہار کر باہر ہو گئے تھے جبکہ آنند پوار اور ترون کونا اور این سکی ریڈی کوالیفکیشن میں ہی باہر ہو گئے تھے ۔