لاہور: پاکستانی نژاد امریکی خاتون ویٹ لفٹر کلثوم عبداللہ نے ویٹ لفٹنگ چیمپئین بن کر ثابت کر دیا ہے کہ جذبہ ہو تو خواتین کوئی بھی کام سرانجام دے سکتی ہیں، کلثوم دنیا کی پہلی باحجاب ویٹ لفٹر ہیں۔ با حجاب کلثوم عبداللہ امریکہ میں ہی پیدا ہوئی ہیں اور وہیں پلی بڑھی ہیں ان کے والد پاکستان کے علاقے تنگی سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ والدہ چارسدہ کی شہری ہیں۔ کلثوم عبداللہ ایک باحجاب ایتھیلیٹ ہیں اورامریکہ میں 2010 سے ملکی اور غیرملکی سطح پر ہونے والے ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں شریک ہو رہی ہیں۔ کلثوم عبداللہ 2011 میں امریکہ کے قومی ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں شریک ہوئی تھیں جبکہ اسی سال انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جنوبی کوریا میں منعقد ہونے عالمی ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ کلثوم عبداللہ ویٹ لفٹنگ کرنے والی پہلی خاتون تو نہیں ہیں لیکن حجاب کے ساتھ ویٹ لفٹنگ کرنے والی پہلی خاتون ضرور ہیں۔ پیشے کے لحاظ سے کلثوم ایک کمپیوٹر انجینئرہیں اور انہوں نے جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ امریکی ویٹ لفٹنگ کمیٹی نے حجاب کو مدعا بناتے ہوئے کلثوم عبداللہ پرامریکہ کی جانب سے ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں شرکت پر پابندی لگا دی تھی۔