دبئی(ایجنسی)۔ ہندوستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے ہندوستانی بولر بنے ہیں اور ان کے شاندار بولنگ مظاہرہ کے بعد ایک کم اسکور کے مقابلہ میں اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ہندوستان نے یہاں رواں انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ دفاعی چمپئن ہندوستان نے گروپ اے میں متواتر دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے جب کہ گروپ مرحلہ کا ہنوز ایک مقابلہ باقی ہے۔ کلدیپ یادو کی ہیٹ ٹرک مقابلہ کا نمایاں مظاہرہ ہے، لیکن ہندوستانی ٹیم نے بھی یکے بعد دیگرے وکٹوں کے زوال کے باوجود 22.3 اوورس میں 92/5 کے ذریعہ کامیابی حاصل کرلی۔ آج کھیلے گئے مقابلہ میں وکٹ بولروں کے لئے کافی سازگار تھی جس پر اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جی
ت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور حریف کپتان کا یہ فیصلہ ٹیم کے لئے نقصاندہ ثابت ہوا۔ اوپنر اینڈریو امید نے ٹیم کے مجموعی اسکور میں نصف تعاون دیا، جیسا کہ انھوں نے 77 گیندوں میں 44 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ گیون مائن دوسرے ایسے بیٹسمین رہے جنھوں نے 16 گیندوں میں 22 رنز بناتے ہوئے دوہرے ہندسہ کو عبور کیا۔ ہندوستان کے لئے کلدیپ اور عامر غنی کامیاب بولرس ثابت ہوئے، جیسا کہ دونوں ہی نے فی کس 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں کلدیپ نے 19 ویں اور 21 ویں اوور میں ہیٹ ٹرک کے ذریعہ تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ کلدیپ کے شکار میں نک فرار (0)، کائل اسٹرلنگ (0) اور الیکس باؤم (5) شامل رہے۔ فرار کو اسکوائر لیگ پر دیپک ہڈا نے کیچ پکڑتے ہوئے آؤٹ کیا جب کہ اسٹرلنگ ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جوکہ 19 ویں اوور کی آخری گیند تھی۔ بعد ازاں 21 اوور کی پہلی گیند پر کلدیپ نے الیکس کو بولڈ کرتے ہوئے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا۔
کلدیپ نے 10 اوورس میں 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ آف اسپنر غنی نے بھی 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بیٹنگ شعبہ میں آل راؤنڈ سرفراز خان نے پھر ایک مرتبہ 45 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے مقابلہ کو اپنی ٹیم کے حق میں کیا۔