لکھنؤ، 12 جنوری (یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کے خلاف الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد آج پہلی بار ان کے پارلیمانی علاقہ امیٹھی جانے والے عام آدمی (آپ) پارٹی کے لیڈر کمار وشواس کو جگدیش پور قصبے میں کالے جھنڈے دکھائے گئے۔امیٹھی پارلیمانی حلقے کے ایک اہم قصبے جگدیش پور میں کالے جھنڈے دکھانے والے نوجوانوں نے خود کو کسی پارٹی سے وابستہ نہیں بتایا۔ ان نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں رکھتے ہیں ۔ کمار وشواس نے امام حسین کے خلاف مبینہ طورپر تبصرہ کیا تھا اس لئے انہیں کالے جھنڈے دکھائے گئے۔سیاہ جھنڈے دکھانے والے نوجوانوں میں سے ایک نے اپنا نام رفیق حسن بتایا اور کہا کہ کمار وشواس نے ان لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا ئی ہے اس لئے جمہوری طریقے پر ان کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔کمار وشواس کی آج امیٹھی میں پہلی عوامی ریلی ہے اور وہ اسی لئے امیٹھی جارہے تھے۔ اس سے قبل کل لکھنؤ میں پریس کانفرنس کے دوران ان پر انڈھا پھینکا گیا تھا حالانکہ انڈھا ان کے اوپر نہیں پڑا لیکن پریس کانفرنس میں افرا تفری مچ گئی تھی۔ انڈھا پھینکنے والے نوجوان نے خود کو سماج وادی پارٹی کا حامی بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ضلع بجنور کے ملائم یوتھ بریگیڈ آرگنائزیشن کا صدر ہے اس نوجوان نے اپنا نام سیف جعفری بتایا تھا۔