اداکار اور فلم ساز کم ہاسن بولی وڈ سٹار سیف علی خان کے ساتھ ایکشن –تھرلر ’امر ہے‘ بنانے جا رہے ہیں۔کمل کی ہدایات میں بننے والی اس فلم میں موجودہ دور کی سیاست، پیسہ اور انڈر ورلڈ کو موضوع بنایا گیا ہے۔
فلم پروڈیوسز نے ایک جاری بیان میں کہا ’امر ہے کئی لحاظ سے خاص ہے۔ ایک تو یہ شاندار منصوبہ ہے کیونکہ اس کے ذریعے کمل ایک عرصے بعد ہندی سینما کیلئے کام کریں گے۔ دوسرا یہ کہ فلم میں کمل کئی ذمہ داریاں (اداکاری، ہدایت کاری، سکرپٹ رائٹر) ادا کرتے نظر آئیں گے‘۔
’تیسرا یہ ہے کہ چھ سال پہلے جب کمل نے فلم کی کہانی لکھنا شروع کی تو ان کے ذہن میں مرکزی کردار کیلئے سیف علی خان کا ہی نام تھا‘۔
پروڈیوسرز اور فلم کے ماسٹر مائنڈ کمل ممبئی، دہلی، لندن، دبئی، اردن اور امریکا میں عکس بندی کیلئے مقامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
کمل ان دنوں تامل تھرلر فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جبکہ ان کی ایک اور تھرلر ’پاپانسم‘ ریلیز کیلئے تیار ہے۔
خیال رہے کہ ’چاچی 420‘ کے بعد ’امر ہے‘ اداکار کمل ہاسن کی 18 سالوں میں پہلی ہندی فلم ہو گی۔ ان کی زیادہ تر مشہور تامل فلموں کی ہندی میں ڈبنگ کی جاتی ہے۔