نئی دہلی (یو این آئی) ہندوستانی زرعی ریسرچ ادارے (آئی سی اے آر) نے کہا ہے کہ ملک کے جن حصوں میں کم بارش کے باعث دھان کی فصل نہیں لگائی جاسکی ہے وہاں سرسوں اور سبزیوں کی کاشت کرکے کسان اپنے نقصان کا ازالہ کر سکتے ہیں۔زرعی سائنس دانوں نے کہا کہ سرسوں اور سبزیوں کی کھیتی ان مقامات پر کی جائے جہاں آبپاشی کی سہولت میسر ہو۔انہوں نے سرسوں اور سبزیوں کی فصل دسمبر تک تیار ہوجاتی ہے جس کے بعد انہیں کھیتوں میں کسان گندم کی فصل بھی کاشت کر سکتے ہیں۔
سائنس دانوں نے سبزیوں میں آلو، گاجر، مولی، شلجم، ٹماٹر ، ساگ والی سرسوں اور پالک لگانے کی صلاح دی ہے۔واضح رہے کہ اس برس مانسون کی بارش کم ہونے کی وجہ سے ملک کے کئی حصوں میں سوکھے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ۱۸؍اگست تک پنجاب اور ہریانہ میں اوسط سے۶۰۔۶۰ فیصد، مہاراشٹرا کے مراٹھواڑا علاقے میں ۶۲فیصد اور بدربھ میں ۲۹فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ اسی طرح گنے کی پیداوار کے لئے مشہور مغربی اترپردیش میں بھی ۶۱؍فیصد کم بارش ہوئی۔ تاہم مشرقی اترپردیش میں حالات قدر بہتر ہیں اور یہاں ۳۲فیصد کم بارش ر
یکارڈ کی گئی ہے۔ گجرات میں ۳۰فیصد، وسطی مہاراشٹرا میں ۱۹، تلنگانہ میں ۵۴؍اور کرناٹک کے کچھ علاقوں میں ۲۹؍فیصد کم بارش ہوئی ہے۔بہار، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ میں حالات کچھ بہتر ہیں اور یہاں۴ سے دس فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔