ممبئی: بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت نے گزشتہ برس اپنی فلم ’’کوئین ‘‘ کے ذریعے ہر ایک کو دیوانہ بنالیا اور باکس آفس پر اپنی اداکاری سے چھاگئیں لیکن اب ہیروز ان کے ساتھ کام کرنے سے گھبرانے لگے ہیں۔بالی ووڈ کی کوئین نے رواں برس کئی ایوارڈز اپنے نام کیے اور سب ہی ان کی تعریف کررہے ہیں مگر ہیروز ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ڈائریکٹر ریما کگتی کی نئی فلم میں کنگنا کے ساتھ پہلے چھوٹے نواب سیف علی خان کو کاسٹ تو کرلیا گیا مگر اچانک انھوں نے معذرت کرلی۔ اس کے بعد شاہد کپور کو اس فلم میں کنگنا کے مقابل کاسٹ کرنے کے لیے رجوع کیا گیا تو انھوں نے بھی وقت نہ ہونے کا کہہ کر انکار کردیا اور کہا کہ وہ ان دنوں فلم ’’شاندار‘‘ ، ’’فرضی‘‘ اور ’’اْڑتا پنجاب‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
اس کے بعد ہدایت کار نے ارجن کپور سے رجوع کیا جنھیں اسکرپٹ تو پسند آگیا پر انھوں نے بھی کنگنا کا ہیرو بننے سے انکار کردیا۔انڈین میڈیا نے بالی ووڈ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈائریکٹر اس فلم کی شوٹنگ مئی میں شروع کرنا چاہتی ہیں مگر ارجن کپور اس دوران آدتیہ چوپڑا کی فلم میں مصروف ہوں گے جس کی وجہ سے انھوں نے پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ تاہم یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ ہیروز کنگنا رناوت کے ساتھ کام کرنے سے ہچکچا رہے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں اداکارہ کی فلمیں انہی کے گرد گھومتی ہیں اور ہیرو کا کردار سائیڈ پر ہی رہ جاتا ہے۔ کنگنا رناوت کی اس نئی فلم کا نام ابھی رکھا نہیں گیا جب کہ اس فلم کی ساتھی مصنفہ زویا اختر ہیں اور اسے ریتیش سدھوانی پروڈیوس کر رہے ہیں۔