نئی دہلی :نظام آباد (تلنگانہ )کے سابق کانگریسی رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے کنہیا کمار کی ضمانت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کنہیا کمار کی ضمانت نے سمرتی ایرانی اور مرکزی حکومت کو بے نقاب کردیا ہے ۔
انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے این یو معاملہ میں ویڈیو ٹیپ میں الٹ پھیر کی گئی تھی جس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بعض چینلس کو ملک اور کنہیار کمار کے خاندان سے معافی مانگنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی سماعت سے پہلے ہی کنہیا کو مجرم قرار دینے کی کوشش کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق کمشنر پولیس دہلی بسی کے ویڈیو کے تعلق سے ریمارکس اور عدالت میں دہلی پولیس کے بیان میں تضاد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کنہیا کی ضمانت کی شرائط میں نرمی کیلئے کنہیا کے وکیلوں کو عدالت میں اپیل کرنی چاہئے ۔