مانیسر، 16 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آج کوئی بھی ملک ہندستان کو دھمکی نہیں دے سکتا۔مسٹر سنگھ نے نیشنل سیکورٹی گارڈ کے 30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب کو خطاب کرنے کے بعد آج صحافیوں سے بات چیت کرتے
ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے کہاکہ ہندستان اب کافی طاقتور ملک بن چکا ہے اس لئے کوئی بھی ملک اسے دھمکی نہیں دے سکتا۔ انہوں نے ہند۔چین سرحدی تنازعہ کے سلسلہ میں کہاکہ دونوں ملکوں کو مل جل کر خوشگوار ماحول میں اس مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ 19 اکتوبر کو وزیراعلی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ مرشد آباد بم دھماکے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) اس کی انکوائری کررہی ہے۔ اس کے لئے ریاستی حکومت کی رضامندی ضروری نہیں ہے۔