کولکاتا ۔عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم انڈین پریمیر لیگ کے آئندہ ساتویں مرحلے کے لئے ایک سال کے وقفے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے بولنگ کوچ کے طور پر واپسی کے لئے تیار ہیں ۔ اکرم 2010 سے 2012 تک مسلسل تین سیشن میں آر کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں ۔ لیکن وہ گزشتہ سیشن میں ٹیم کے ساتھ نہیں تھے ۔کے کے آر کے چیف ایگزیکٹو وینکی میسور نے آج پریس کانفرنس میں صحافیوں سے کہا کہ وسیم اکرم نے ہمیں بتایا ہے کہ اس بار پورے ٹورنامنٹ کے لئے ان کی خدمات رہیں گی ۔دوسری جانب سابق کپتان وقار یونس ایشیا کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈکوچ کی ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔ جمعرات کو وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کیہیڈ کوارٹر میں انٹری دی اور اپنی درخواست ساتھ لائے۔ حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے وقار یونس نے دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ شخصیت سیفائیو اسٹار ہوٹل میں اہم ملاقات کی جس میں معاہدے کی شرائط اور مالی معاملات پر بات چیت ہوئی اور زیادہ تر معاملات طے پاگئے۔ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم، جاوید میاں داد،انتخاب عالم اور سبحان احمد پر مشتمل اعلی سطح کی کمیٹی کی پہلی میٹنگ سے قبل کوچ کے زیادہ تر معاملات طے پاگئے ہیں اور اب صرف رسمی اعلان ہونا باقی ہے، اس کے بعد وہ ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش جائینگے۔ ذرائع کے مطابق وقار یونس
نے پی سی بی کی اعلٰی شخصیت کو کہا کہ وہ سلیکشن اور کوچنگ سے وابستہ دیگر معاملات پر کوئی مداخلت نہیں چاہتے۔ ذرائع کے مطابق وقار یونس سڈنی سے دبئی منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں اس لئے وہ کوچنگ کیلئے تیار ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ جن مسائل کے باعث کوچنگ چھوڑی تھی وہ مسائل حل ہوچکے ہیں لہٰذا اب فل ٹائم کوچنگ کیلئے دستیاب ہوں۔ دریں اثناسابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے درخواست جمع کروادی ہے۔