دبئی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے ذریعہ فارم میں واپس آئے ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی آئی سی سی درجہ بندی میں پھر دوسرے مقام پر قابض ہو گئے جبکہ سوئنگ بولر بھونیشور کمار پہلی بار سب سے اوپر 10 میں پہنچے ہیں۔ کوہلی نے آخری میچ میں 127 سمیت کل 191 رن بنائے۔ ہندوستان نے یہ سیریز جیتی۔ کوہلی نے درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو تیسرے نمبر پر ڈھکیل دیاجبکہ سب سے اوپر پر جنوبی افریقہ کے ہی اے بی ڈی ولئرس ہیں۔ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی چھٹے نمبر پر قائم ہیں جبکہ شکھر دھون آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ سریش رینا تین نشان چڑھ کر 15 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بھونیشور نے سیریز میں صرف دو وکٹ لئے لیکن وہ سات پائیدان چڑھ کر ساتویں مقام پر پہنچ گئے۔ روندر جڈیجہ پانچویں مقام سے ایک پائیدان کے نیچے آ گئے ہیں۔ سیریز میں دس وکٹ لینے والے فاسٹ بولر محمد سمیع پانچ پائیدان چڑھ کر 16 ویں مقام پر آ گئے ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں ہندوستان 113 پوائنٹس لے کر
جنوبی افریقہ کی طرح دوسرے مقام پر بنا ہوا ہے۔ جنوبی افریقہ کے پاس اگرچہ آسٹریلیا 114 کو پچھاڑکر اوپر پوزیشن پر قبضہ کرنے کا موقع ہے چونکہ اسے بدھ سے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں کھیلنا ہے۔ سیریز 3۔ 0 سے جیتنے پر جنوبی افریقہ آسٹریلیا سے ایک ریٹنگ پوائنٹس آگے پہنچ جائے گا۔ دوسری طرف اگر نیوزی لینڈ کی سیریز جیت تو پاکستان کو پچھاڑکر چھٹے مقام پر پہنچ جائے گا۔ فی الحال پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے 98 ریٹنگ پوائنٹس ہے لیکن اعشاریہ کے بعد کا حساب کی بنیاد پر نیوزی لینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔ بلے بازوں کی درجہ بندی میں سب سے اوپر 20 میں جنوبی افریقہ کے چار بلے باز ہیں۔ ڈی ولئیرس اور آملہ کے علاوہ ڈی کاک نویں اور ڈو پلیسس 11 ویںنمبر پر ہیں۔