ویلنگٹن۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان مارٹن کرو نے نوجوان ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سچن تندولکر ، راہل دراوڑ اور ویریندر سہواگ کے خصوصیات کا میل ہیں ۔ مارٹن نے کہا کہ وراٹ نے سچن ، سہواگ اور ڈراوڈ کے خصوصیات کو اچھی طرح سمجھ لیا ہے اور اس سے ان کی شخصیت کافی نکھر گئی ہے ۔انہوں نے اپنے ایک کالم میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وراٹ ہندوستان کے اگلے عظیم کھلاڑی ہوں گے جن میں راہل جیسی تیزی ، سہواگ جیسی ہمت اور سچن جیسی غیر معمولی صلاحیت ہے۔ سابق کیوی کپتان نے کہا کہ موجودہ وقت میں وراٹ ہی ہیں جو ٹیم کو پھر مضبوط کرنے کے لئے ایک رہنما کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میں جو مقام ان تینوں بلے بازوں کی غیر موجودگی سے خالی ہوا ہے اسے پر کرنے کی صلاحیت صرف وراٹ میں ہیں ۔وہ ابھی سے ٹیم کے بلے بازی آرڈر کے سربراہ بن چکے ہیں۔ ایسے میں ان کی ذمہ داریاں بھی بہت بڑھ گئی ہیں ۔نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ون ڈے سیریز میں بھلے ہی ہندوستان کو 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو لیکن اس کے باوجود وراٹ نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ۔ مارٹن نے کہا کہ وراٹ ابھی سے ٹیم کے اہم کھلاڑی بن چکے ہیں۔