کویت سٹی ۔ 21 مارچ (یو این این)کویت کی پارلیمنٹ کے کئی سرکردہ ارکان نے ایران، عراق اور یمن کو بھی خلیج تعاون کونسل جی سی سی میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ زرائع ابلاغ کے مطابق ان ملکوں کو جی سی سی میں شامل کرنے کا مطالبہ کرنے والے ارکان کا کہنا ہے کہ اگر ایران، عراق اور یمن بھی خلیج تعاون کونسل میں شامل ہو جاتے ہیں تو اس کے نتیجے میں عرب دنیا اور عالم اسلام کے کئی بڑے بڑے مسائل حل ہو جائیں گے۔کویتی رْکن پارلیمنٹ عدنان الصمد نے کہا کہ اگر ایران اور سعودی عرب خلیجی یونین کا حصہ بن جاتے ہیں تو دونوں کے درمیان ناراضگیاں خود بہ خود ختم ہو جائیں گی۔
یوں یہ دونوں بڑے ممالک ایک دوسرے سے الجھنے کے بجائے مل کر عرب ممالک اور مسلم دنیا کے تنازعات کوحل کر سکتے ہیں۔ایک دوسرے رْکنِ پارلیمنٹ عبدالحمید دشتی نے کہا کہ اردن اور مصر کے بجائے پہلے عراق، ایران اور یمن کو خلیج تعاون کونسل میں شامل کر لیا جائے۔کیونکہ ایران اور عراق کی خلیجی کونسل میں شمولیت کی زیادہ اہمیت ہے۔