ممبئی۔ گلیمر اور کچھ فلموں میں زبردست آئٹم نمبر کے ساتھ سلمان کے ہاتھوں کا سہارا پا کر بالی وڈ میں بہت تیزی اپنی ایک الگ پختہ پہچان بنانے والی ہیروئین قطرینہ کیف کا جادو ناظرین پر کبھی سر چڑھ کر بولتا تھا لیکن اب ایسا لگ رہا ہے ان کا گلیمر اپنی کشش کھوتا جا رہا ہے ۔ ایک دور تھا جب قطرینہ کیف کو جو ناظرین ہاتھوں ہاتھ لیتے تھے اور تمام ہیروئینوں پر ان کو ترجیح دیتے تھے ان میں کمی آ رہی ہے ۔ ناظرین کی پسند اور دیوانگی کا ہی نتیجہ تھا کہ قطرینہ کیف نمبر ون ہیروئین کی دوڑ میں شامل رہیں ۔ حال ہی میں منظرعام پر آئی فلم’دھوم -۳‘ سے قطرینہ کو کافی مایوسی ہوئی ۔ یہ اور بات ہے کہ فلم نے باکس آفس پر اچھی کمائی کی ۔قطرینہ کی ایکٹنگ ، گلیمر اور ناظرین کی پسند کو دیکھتے ہوئے ہی فلمساز اپنی فلموں میں قطرینہ کو لینے کے لئے ہمیشہ آگے رہتے تھے وہی اب اپنی نظریں قطرینہ کی طرف سے کھینچنے لگے ہیں ۔ ان کا خیال ہے کہ قطرینہ کو فلم میں لینے کے لئے ایک تو بڑی رقم ادا کرنا پڑتی ہے دوسرے سیٹ بھی ان کے حساب سے بنانا پڑتا ہے ۔ اس لئے اب وہ ان کی جگہ نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو لینے میں ہی بہتری سمجھتے ہیں ۔ آلیہ بھٹ ، پرنیتی چوپڑا ، وانی کپور جیسی نئی ہیروئنوںکے قدم رکھنے سے بالی وڈ میں پرانی ہیروئنوں کے سامنے کام کے لالے پڑنے لگے ہیں ۔ ڈائریکٹر بھی پرانی ہیروئنوںکی جگہ ان نئے چہروں کو لینا زیادہ پسند کرتے ہیں ۔ کیونکہ نئے چہرے محنتانہ کم لیتے ہیں اور ان کے نخرے بھی کم ہی برداشت کرنے پڑتے ہیں۔کم وقت تک ہی سہی اپنے جادو سے سب کو دیوانہ بنانے والی قطرینہ سے آگے دوسری ہیروئنیںنظر آتی ہیں ۔ کیونکہ بالی وڈ میں اپنی چمک بکھیرنے کے باوجود قطرینہ کیف کسی ایوارڈ سے دور ہی رہی ہیں ۔ ایوارڈ حاصل کرنے میں دپیکا پادوکون ان سے بازی لے جاتی نظر آتی ہیں ۔ گزشتہ سال دپیکا کو جہاں ان کی تمام فلموں کے لئے ایوارڈ ملے وہیں قطرینہ کیف صرف رنبیر کپور کے ساتھ کھینچی فوٹو لیک ہونے کے سبب ہی سرخیوں میں رہیں ۔ شاہ رخ خان کے ساتھ آئی فلم جب تک ہے جان میں بھی ان کے کام کی کوئی تعریف نہیں ہوئی ۔ اس سے لگتا ہے کہ قطرینہ کیف کا جادو ناظرین پر سے اترنے لگا ہے۔