بالی وڈ میں بھیڑ چال کا رواج عام ہے۔ ایک کامیڈی فلم ہٹ کیا ہوئی ہر کوئی ویسی فلمیں بنانے لگ جاتا ہے کبھی مذہبی طنز تو کبھی پاک بھارت تعلقات اور کبھی سچی کہانیاں۔
بھارت کے مشہور آروشی مرڈر کیس پر فلمسازوں نے طبع آزمائی شروع ہی کی تھی کہ اب شینا مرڈر کیس سامنے آ گیا جس میں ایک مشہور سوشیلائٹ اندرانی مکھرجی پر اپنی بیٹی شینا کے قتل کا الزام ہے۔ پھر کیا تھا بالی وڈ میں اس کیس کو فلمی رنگ دینے کی دوڑ شروع ہو گئی۔
بالی وڈ راؤنڈ اپ سنیے
اس تمام تماشے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اب راکھی ساونت بھی اس میدان میں اتر چکی ہیں اور شینا مرڈر کیس پر فلم بنا رہی ہیں جس کا نام ہوگا ’جولی کی کہانی‘۔
ایک چینل کے ساتھ انٹرویو میں راکھی کا کہنا تھا کہ وہ ’اندرانی کی رنگین زندگی کی کہانی‘ کو مصالحے دار انداز میں پیش کریں گی جس میں آئٹم سانگ بھی ہوں گے۔
راکھی خود ہی اندرانی یعنی ’جولی‘ کا کردار نبھائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں جسم کی نمائش پسند نہیں لیکن کیا کریں سکرپٹ کی ڈیمانڈ ہوتو ایسا کرنا ہی پڑتا ہے۔
اور تو اور راکھی یہ بھی کہتی ہیں کہ کچھ پبلِک پوسٹر دیکھ کر ٹکٹ خریدتی ہے اور وہ ’کلاس کی نہیں ماس کی ہیروئن ہیں‘ اور ماسز یعنی عوام فلم میں مصالحہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
ارے میڈم آپ ایسا کہہ کر ماسز کو کیوں بدنام کر رہی ہیں اگر آپ واقعی ماسز کی ہیروئن ہوتیں تو آپ کو سنسنی خیز بیانات اور اشتعال انگیز کرداروں کا سہارا نہیں لینا پڑتا۔
عمران ہاشمی فلم ’راز‘ کے چوتھے سیکوئل میں ولن آسکتے ہیں
عمران ہاشمی ولن بن سکتے ہیں
خبریں ہیں کہ مہیش بھٹ بھی اندرانی کی کہانی کو پردے پر اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سنا تو یہ بھی ہے کہ مہیش بھٹ فلم ’راز‘ کے چوتھے سیکوئل کے لیے تیار ہیں۔
ظاہر ہے بھٹ کیمپ کے اس نئے راز کے لیے عمران ہاشمی کا نام تو سر فہرست ہے ہی لیکن اصل خبر یہ ہے کہ اس بار عمران ہیرو نہیں بلکہ فلم میں ولن کے روپ میں نظر آ سکتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ جلد ہی یورپ میں شروع ہونے والی ہے اور فلم کا کچھ حصہ امریکہ میں بھی شوٹ ہونے کی خبریں ہیں۔
راز کی پہلی قسط میں ڈینو موریا اور بپاشا باسو نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
کٹی بٹی پر عامر خان کا رونا کیسا؟
آج کل بالی ووڈ میں لوگوں کو یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ پتہ نہیں عامر خان کب کس بات پر رونے لگیں۔
کچھ ہی عرصے پہلے عامر خان سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان دیکھ کر رو پڑے تھے اور تولیے سے آنکھیں صاف کرتے ان کی تصاویر میڈیا میں خوب دکھائی گئی تھیں اور اب اپنے بھانجے عمران خان کی فلم کٹی بٹی دیکھ کر انھیں رونا آ گیا۔
ان کا اس طرح سے رونا سوشل میڈیا میں کافی مذاق کا موضوع رہا اور لوگوں نے عامر پر چٹکلے بھی بنائے۔
بجرنگی بھائی جان پر عامر کا رونا تو سمجھ میں آ تا ہے کہ فلم کا اختتام انتہائی جذباتی تھا لیکن کٹی بٹی۔۔۔
کیا کنگنا عمران کے لیے لکی چارم ثابت ہوں گی؟
اب پتہ نہیں عامر فلم دیکھ کر خوشی سے روئے یا پھر۔۔۔
ویسے عامر خان اپنی فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کےلیے انھوں نے اپنا وزن بڑھا کر 95 کلو کر لیا ہے۔
جہاں تک عمران خان کا تعلق ہے تو خبر یہ بھی ہے کہ فلم کٹی بٹی میں ان کے ساتھ کسی بھی ٹاپ ہیروئن نے کام کرنے سے منع کر دیا تھا کیونکہ اس سے پہلے وہ کامیابی کے ساتھ ڈھیر ساری فلاپ فلمیں جو دے چکے ہیں۔
خبر ہے کہ فلم کے ہدایت کار نکھل اڈوانی نے اس فلم کے لیے قطرینہ کیف، پرینکا چوپڑہ اور دیپیکا پادوکون سے رابطہ کیا تھا لیکن ان ہیروئنوں نے عمران کے لیے انکار کر دیا۔
یہ ہیروئنیں چاہتی تھیں کہ نکھل عمران کی جگہ کسی اور ہیرو کو لیں لیکن نکھل نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔
حالانکہ عمران ان تمام ہیروئنوں کے ساتھ کام کر چکے ہیں خیر اب دیکھتے ہیں کہ کنگنا عمران کے لیے لکی چارم ثابت ہوتی ہیں یا نہیں۔
ارجن کپور کا نام سوناکشی سنہا سمیت کئی ہیروئنوں سے جوڑا جا چکا ہے
افواہوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا
سلمان کے فین ارجن کپور کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں پھیلنے والی افواہوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ اس بات سے بھی پریشان نہیں ہوتے کہ ان کا نام کب کس ہیروئن سے جوڑا جا رہا ہے۔
30 سالہ ارجن کپور کا نام پہلے عالیہ بھٹ کے ساتھ جوڑا گیا اور پھر سوناکشی سنہا اور اب جیکولین فرنانڈس کے ساتھ ان کی نزدیکیوں کے چرچے عام ہو رہے ہیں۔
ارجن کہتے ہیں کہ اگر سامنے والے کو سچائی معلوم ہے تو پھر ان افواہوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ویسے ارجن آپ کو فرق پڑے یا نہ پڑے لیکن ان بیچاری ہیروئنوں کا کیا قصور ہے جن کے ساتھ آپ کا نام جوڑا جا رہا ہے۔