فلم “کس کس کو پیار کروں” میں کپل شرما کے ساتھ ایلی اورم، ارباز خان، سمرن کور اورسئی لوکر بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گے—۔فلم پوسٹر
بولی وڈ ڈائریکٹرز عباس-مستان کا کہنا ہے کہ انھوں نے انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کو اُس وقت چانس دیا،جب وہ بولی وڈ میں نئے تھے اور آج شاہ رخ ایک سپر اسٹار ہیں، بالکل اُسی طرح اب وہ کپل شرما کو لانچ کر رہے ہیں.
یاد رہے کہ 1993 میں شاہ رخ خان نے عباس مستان کی فلم “بازی گر” میں کام کیا تھا جسے ان کے کیریئر کا “بریک تھرو” کردار قرار دیا جاتا ہے اور اس فلم میں ان کے کردار پر شاہ رخ کو بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا.
ہندوستانی نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کے مطابق عباس-مستان کا کہنا ہے کہ انھوں نے جب کامیڈی فلم بنانے کا سوچا تو ان کے ذہن میں صرف کپل شرما کا ہی نام آیا.
عباس-مستان کے مطابق “جب تک فلم کے لیے اداکار کا نام فائنل نہیں ہوجاتا، ہم اسکرپٹ کو آگے نہیں بڑھاتے اور کپل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہمیں اس بات کا یقین تھا کہ صرف وہ ہی اس کردار سے انصاف کرسکتے ہیں”.
مشہور کامیڈی شو ” کامیڈی نائٹس وِد کپل” کے میزبان کپل شرما عباس-مستان کی فلم “کس کس کو پیار کروں” سے اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں.
فلموں میں نئے لوگوں کو متعارف کروانے کے حوالے سے ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ “انھوں نے شاہ رخ خان جیسے نئے اداکار کے ساتھ کام کیا، جو اب اتنے بڑے اسٹار ہیں، اب ہم نے کپل شرما کو اپنی آنے والی فلم “کس کس کو پیار کروں” میں کاسٹ کیا ہے”.
کپل شرما کی کامیابی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے کپل کو اپنی فلم میں کاسٹ کرلیا ہے اور اب ان کی قسمت ہے کہ وہ کتنا کامیاب ہوپاتے ہیں،یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے”.
عباس -مستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنی نئی فلم میں کسی بڑے نام کو نہیں لینا چاہتے تھے. “ہم کسی بڑے یا نئے اداکار کو کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے اور چونکہ ہر کوئی کپل کو فلموں میں دیکھنا چاہتا ہے”، لہذا کپل شرما کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا.
اس موقع پر مستان کا کہنا تھا کہ “کس کس کو پیار کروں” ایک کامیڈی فلم ہے، جسے لوگ “ضرور پسند” کریں گے.
اگلے ماہ 25 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم “کس کس کو پیار کروں” میں کپل شرما کے ساتھ ایلی اورم، ارباز خان، سمرن کور اورسئی لوکر بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظر آئیں گے.