کپل شرما محض ایک اسٹانڈاپ کامیڈین ہوتے ہوئے بھی اپنے شو کامیڈی نائٹس ودھ کپل کے تحت اتنی اونچائیاں چھو چکے ہیں کہ بتایا جاتا ہے ان کے نخرے بھی آج کل کسی بڑے اسٹار سے کم نہیں ہیں۔ حالانکہ ابھی ابھی وہ یش راج کی فلم ’’بینک چور‘‘ سے باہر ہوئے ہیں لیکن ان کے نخروں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں انہوں نے ایک ایڈ کی یونٹ کو قریب پانچ گھنٹوں تک انتظار کروایا۔ ذرائع کے مطابق کپل شرما کو ایک ایڈ کے لئے سائن کیا گیا تھا اور شوٹنگ کا وقت دوپہر 12 بجے رکھا گیا تھا لیکن کپل شوٹنگ کے مقام پر تقریباً شام کے 5 بجے پہنچے۔ اور اس وقت بھی ان کا مزاج شوٹنگ کے خلاف تھا کیونکہ چہرے سے وہ کافی چڑے ہوئے لگ رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوئی پہلی بار ایسا نہیں ہوا جب کپل نے ایسا کیا ہو ۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی بار اپنے ناز نخروں کو بتاچکے ہیں۔ جیسے پچھلی بار انہوں نے سی سی ایل (یعنی سلیبریٹی کرکٹ لیگ) کو آخری وقت پر ہوسٹ کرنے سے منع کردیا تھا وجہ یہ تھی کہ اپنے لئے الگ وینٹی ویان چاہتے تھے یہی نہیں اپنے ہی شو میں وہ کنگنا رناوت اور کئی ستاروں کو انتظار کرواچکے ہیں۔