آکلینڈ(ایجنسی) نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹسٹ میچ میں 40 رنز کی شکست کے بعد ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنے بولروںکی جم کر تعریف کی لیکن انہوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں کچھ فیصلوں میں قسمت نے ہندوستان کا ساتھ نہیں دیا ۔دھونی نے میچ کے بعد کہا کہ بولروں نے شاندار گیند بازی کرکے ہمیں میچ میں واپسی دلائی ۔ میں نے ایک اچھے وکٹ پر اپنے بولروں کی بہترین کارکردگی دیکھی۔ انہوں نے دباؤ برقرار رکھا اور اس کے ساتھ ہی وکٹ حاصل کرنے والی گیندیں ڈالی ۔ انہیں آگے بھی ایسا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ہندستان ایڈن پارک پر 407 رنز کا ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوا ۔ اس درمیان کچھ فیصلے ہندستان کے حق میں نہیں گئے اور دھونی نے بھی ان کا ذکر کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی ۔ دوسری اننگز میں ہمارے کچھ بیٹسمنوں نے واقعی میں اچھا کھیلا،تاہم کچھ فیصلوں میں قسمت نے ہمارا ساتھ نہیں دیا ۔ اجنکیا رہانے کے خلاف فیصلہ مشکل تھا ۔ وہ انتہائی اہم وقت تھا ۔اس درمیان نیوزی لینڈ کے کپتان اور پہلی اننگز میں 224 رنز بنانے کے لئے مین آف دی میچ منتخب کئے گئے برینڈن میک کولم نے بھی دباؤ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے اپنے بولروں کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر ایسا وقت تھا جب ہماری بے چینی بڑھ گئی تھی انہوں ن
ے ہمیں کافی دباؤ میں رکھا تھا ۔ نیل ویگنرکا اسپیل شاندار رہا ۔ یہ شاندار ٹسٹ میچ تھا اور ہم اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ بیٹنگ کے دوران ہم کچھ عجیب لمحات سے ابھرے تھے ۔میک کولم نے اپنی اننگز کے بارے میں کہا کہ یہ نیوزی لینڈ کی طرف سے میری بہترین اننگز میں ایک تھی ۔ میں اہم کردار ادا کرکے خوش ہوں ۔ ان بیٹسمنوں کو بھی کافی کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے میرے ساتھ شراکت داری کی۔ ہندوستانی ٹیم کے خلاف ٹسٹ میچ میں جیت چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ویگنر کی تعریف کی جنہوں نے میچ میں 8 وکٹ لئے ۔ کولم نے کہا کہ نیل نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ اسے جب بھی موقع ملا اس نے اس کا فائدہ اٹھایا ۔ اس کے کردار زیادہ سے زیادہ اوور کرنا ، خطرناک گیند بازی کرنا اور ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو حملہ کا موقع فراہم کرانا ہے ۔ وہ وکٹ کا حقدار تھا ۔ اس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا ۔ میک کولم نے ہندستان کو فالو آن نہیں دینے کے فیصلے کا دفاع بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فالو آن نہیں دینے کے بعد ہم نے اچھی بیٹنگ نہیں کی لیکن ان کی بولنگ بھی شاندار رہی ۔ اگر ہم کچھ اور رنز بناتے تو اچھا رہتا ۔ شاندار بیٹنگ کو لے کر ہر ایک کی اپنی اپنی رائے تھی ۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا تھا ۔ اس فیصلے کے ساتھ جینا مرنا پڑتا اور خدا کا شکرہے کہ ہم اس کے ساتھ کامیاب ہیں ۔