فیض آباد:کینٹ تھانہ حلقہ کے موضع ابوسرائے کے کھیت سے چوبیس ڈرم میں رکھا لاوارث ۴۸۰۰لیٹر مٹی کا تیل سٹی مجسٹریٹ اور ضلع سپلائی افسر نے برآمد کیا۔بتایاجاتا ہے کہ ایک کالابازاری کرنے والے نے یہ مٹی کا تیل کھیت میں رکھاتھا مگر سپلائی محکمہ کالابازاری کرنے والے کو بچانے میں مبینہ طورپر لگاہوا ہے۔
مخبر نے سٹی مجسٹریٹ کو اطلاع دی کہ ابوسرائے گائوں کے کھیت میں مٹی کا تیل رکھاہواتھا اس کی اطلاع سٹی مجسٹریٹ نے فوراً ضلع سپلائی افسر کو دی دونوں افسران نے مع عملہ کھیت میں چھاپہ مارکر تیل برآمد کیا۔افسران نے مٹی کے تیل سے بھرے ڈرموں کو قبضہ میں لے کرآرکے بی کے فلنگ اسٹیشن پر رکھوادیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ناجائز طریقہ سے رکھامٹی کا تیل کس کا ہے اس کی اطلاع مقامی لوگوں نے سٹی مجسٹریٹ اور ضلع سپلائی افسرکو دی۔ضلع سپلائی افسر نے بتایاکہ ۲۴ڈرموں میں تیل بھراہواتھا اور ۲۸ڈرم ایسے برآمد ہوئے جو خالی تھے۔ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت کے بعد متعلقہ تھانہ میں رپورٹ درج کرائی جائے گی۔