لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چنہٹ علاقہ میں کچھ شہ زور ایک کسان کی زمین پر قبضہ کرنے کی نیت سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہنچ گئے۔ کسان جب تک کچھ سمجھ پاتا اتنے میں ان شہ زوروں نے مار پیٹ شروع کر دی۔ متاثر وہاں سے نکل کر پولیس کے پاس مد
د کیلئے پہنچا لیکن پولیس نے اسے تھانہ سے بھگا دیا جس کے بعد متاثر نے ایس ایس پی سے شکایت کی تب اسے مدد کی امید دکھائی پڑی۔ چنہٹ کے نظام پور ملہور کے رہنے والے ادیب عرف فرید نے ایس ایس پی کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ اس کی کنچن پور مٹیاری میں زمین ہے جس میں سرسوں بوئی ہوئی ہے جسے وہ گزشتہ ۱۷؍نومبر کو دیکھنے گیا تھا۔ کھیت میں پانی لگانے کیلئے نالی کی صفائی کر رہا تھا تبھی کنچن پور مٹیاری کے رہنے والے محمد حنیف، محمد عارف، محمد سمیع اللہ و لی اللہ اسلحہ سے لیس ہوکر آئے اور اسے گالی دے کر مارنے پیٹنے لگے اور کہنے لگے کہ یہ کھیت ہمارا ہے۔
ادیب نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حنیف نے طمنچہ نکالا اور گولی مارنے کی دھمکی دینے لگا۔ شور سن کر جب آس پاس کے لوگ اسے بچانے کیلئے دوڑے تو شہ زور دھمکی دیتے ہوئے بھاگ گئے۔ متاثر جب تھانہ پر شکایت لیکر پہنچاتو پولیس نے اسے تھانہ سے بھگا دیا۔ تھانہ پرکارروائی نہ ہونے سے ناراض متاثر نے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو عرضی دے کر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔