لکھنؤ(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو نے کہا ہے کہ اترپردیش میں بجلی کا بحران بی جے پی اور بی ایس پی کی دین ہے۔ دونوں پارٹیوں نے یہاں ایک ساتھ حکومت بنائی اور الگ الگ بھی ان کی حکومتیں رہیں۔ لیکن ان کے دورِحکومت میں ایک یونٹ بھی بجلی نہیں بنی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کو دور کرنے کی جانب سماجوادی حکومت نے ہی توجہ دی ہے۔ ریاست میں جب جب سماجوادی پارٹی کی حکومت بنی تو ہم نے بجلی گھر بنوائے جو آج بھی چل رہے ہیں۔وہ یہاں ریاستی صدر دفتر پر سماجوادی پارٹی کارکنان کو خطاب کرر ہے تھے۔ جلسہ کی صدارت گورو بھاٹیا نے کی۔جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے مرکز کی کانگریسی حکومت اور بی جے پی پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت سرحد کی حفاظت، گرانی اوربدعنوانی روکنے میں ناکام رہی ہے۔بی جے پی کے وزیر اعظم عہدے کے امیدوار نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر غلط بیانی کا الزام عائد کیااور کہا کہ مودی نے ترقیات پر بحث کی بات کہی تھی لیکن یہ نہیں بتایا کہ گجرات میں کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور مسلمانوں کیلئے اترپردیش جیسی اسکیمیں بنائی گئیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا گجرات میں مفت آبپاشی، علاج جیسی اسکیمیں چلائی گئی ہیں؟ انہوں نے وکلاء کو بیدار شہری بتاتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی ماحول بنانے میںمددگار ہوتے ہیں۔سماجوادی پارٹی نے ہمیشہ وکلاء کی عزت کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی الیکشن کے موقع پر انتخابی منشور میں کئے گئے زیادہ تر وعدے پورے کر دیئے ہیں
اور باقی پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنانے میں وکلاء کا اہم کردار رہا ہے اور اب پارلیمانی انتخاب میں بھی وکلاء کی مدد درکار ہے۔ اس موقع پر بار کونسل کے اراکین وریندر کمار شریواستو، ارون کمار ترپاٹھی اور ہری شنکر سنگھ نے سماجوادی پارٹی کی رکنیت قبول کی۔ انہیںوکلاء سیل کا بالترتیب نائب صدر، قومی جنرل سکریٹری اور قومی سکریٹری منتخب کیا گیا۔جلسہ میں ریاستی صدر ودھو بھوشن سنگھ ، جنرل سکریٹری ونے پرتاپ سنگھ، ریاستی جنرل سکریٹری بلیشور چترویدی، امر سنگھ اور بابو گرام وغیرہ موجود تھے۔