نئی دہلی: کانگریس نے کیجریوال حکومت پر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ دہلی حکومت اور پولیس کے درمیان لڑائی میں جہاں دوکاندار اور تجارت پیشہ لوگ پریشان ہیں، وہیں عام لوگوں کو بھی سنگین مشکلات کا سامنا ہے ۔
کانگریس کی دہلی یونٹ کی ترجمان راگنی نائیک نے یہاں ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال حکومت کو پولیس سے ٹکراو میں مزید شدت لانے کے بجائے اسے ترقیاتی کاموں اور عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے پر زیادہ توجہ دینی چاہئے ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ریاست کے تمام طبقات کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ انتخابات کے وقت ووٹ حاصل کرنے کی غرض سے انہوں نے جتنے دعوے دہلی کے عوام سے کئے تھے وہ سب غلط ثابت ہورہے ہیں ۔ کیجریوال حکومت کے وعدہ خلافی کی وجہ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کو ووٹ دیکر اقتدار میں لانے والے عوام یہ محسوس کررہے ہیں کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے ۔