نئی دہلی، 23 دسمبر (یو این آئی)عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال دہلی کے وزیراعلی ہونگے۔آپ کی سیاسی مشاورتی کمیٹی کی آج غازی آباد میں منعقدہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ کوشامبی میں واقع پارٹی دفتر میں یہ میٹنگ ہوئی۔ پارٹی کے فیصلے سے واقف کرانے کیلئے مسٹر کیجریوال دوپہر ساڑھے بارہ بجے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کریں گے۔میٹنگ کے بعد آپ کے اہم لیڈر منیش سسوڈیا اعلان کیا کہ مسٹر کیجریوال ہی دہلی کے وزیراعلی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مسٹر کیجریوال کی قیادت میں الیکشن لڑا تھا اور ممبران اسمبلی نے انہیں لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا تھا۔مسٹر سسوڈیا نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وزیراعلی کوئی اور ہوگا لیک پارٹی کی طرف سے یہ پوری طرح واضح تھا کہ مسٹر کیجریوال ہی وزیراعلی ہونگے۔مسٹر کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 14 دسمبر کو لیفٹننٹ گورنر سے دعوت نامہ ملنے کے بعد انہوں نے عوام سے اس سلسلے میں رائے شماری کرائی جس میں 74 فیصد لوگوں نے آپ کو حکومت سازی کیلئے اپنی تائید دی تھی۔