نئی دہلی:عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال ان کی پارٹی کے تئیں ملک کے عوام کا غصہ جائز ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ پھر سے عوام کے درمیان جاکر ان کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش کریں گے اور دہلی کے عوام سے انہیں پھر سے کامیاب بنانے کی گزارش کریں گے۔یہ دریافت کئیجانے پر کہ کیا وہ پھر سے حکومت بنانے کے لئے عوامی رائے شماری کرائیں گے تو مسٹر کیجریوال نے انکار کردیا۔یاد رہے کہ مسٹر کیجریوال نے گزشتہ روز لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کی تھی جس کے بعدیہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ وہ پھر حمایت لیکر حکومت بنا سکتے ہیں لیکن کانگریس نے واضح طورپر منع کردیا جبکہ عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی ابھی الیکشن کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ حکومت بنانے کے امکانات تلاش کئے جانے چاہئیں۔لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کے بعدعام آدمی پارٹی کے اہم لیڈران حکومت سازی کے امکانات پر غور و خوض کرنے کے لئے یہاں مسٹر کیجریوال کی رہائش
گاہ پرجمع ہوئے تھے۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے راجدھانی کے عوام سے دہلی کے وزیراعلی کے عہدے سے استعفی دینے کے لئے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی دارالحکومت میں نئے انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔مسٹرکیجریوال نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سات سے دس دنوں کے دوران عام آدمی پارٹی کی کئی عوامی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ ان ریلیوں کے دوران ہم دہلی کے عوام سے معافی مانگیں گے اور ان سے گزارش کریں گے کہ انکی پارٹی کو مکمل اکثریت کے ساتھ کامیاب بنائیں تاکہ ان کی حکومت پانچ برس تک چلے اور وہ عوام کی توقعات پر کھرے اتر سکیں۔دہلی میں گزشتہ برس ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے دہلی کی 70 میں سے 28 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے کانگریس کے 8 اراکین اسمبلی کی مدد سے مسٹرکیجریوال نے حکومت بنائی تھی۔ اسمبلی میں لوک پال بل پاس کرانے کی اجازت نہ ملنے کے بعد 49 دن بعد مسٹر کیجریوال نے وزیراعلی کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے نئے انتخابات کرانے کی سفارش کی تھی۔ فی الحال دہلی اسمبلی معطل ہے۔