وارانسی۔ 8 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے اترپردیش کے وارانسی حلقہ سے اپنے حریف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کو عوامی پلیٹ فارم پر آمنے سامنے بحث کے لئے چیلنج کیا ہے۔مسٹر کجریوال نے ٹوئٹر پر کہا کہ وہ مسٹر مودی کو عوامی پلیٹ فارم پر کھلی بحث کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وارانسی کے عوام کو ان سے اور مسٹر مودی سے سیدھے سوال کرنے کا موقع دیاجانا چاہئے ۔ جگہ اور وقت کا تعین مسٹر مودی خود کریں۔مسٹر کیجریوال نے مسٹر مودی کے ذریعہ گنگا آرتی اور دیگر پروگراموں کے لئے اجازت مانگنے کے معاملے پر بی جے پی اور انتظامیہ کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعہ پر کہا کہ گنگا آرتی کے لئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن مسٹر مودی سیاست کرنے کے مقصد سے اجازت مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ سے اجازت ملنے کے باوجود اس کو مسئلہ بنانا اور بی جے پی کے تمام بڑے لیڈروں کے یہاں پہنچنے سے ان کی گھبراہٹ کا پتہ چلتا ہے۔