نئی دہلی، 27 دسمبر (یو این آئی) دہلی کے نامزد وزیراعلی اروند کیجریوال نے کمپریسڈ نیچورل گیس (سی این جی) کی قیمت میں اضافہ کے خلاف آٹو رکشا ڈرائیوروں سے ہڑتال نہ (نہ) کرنے کی اپیل کی ہے۔مسٹر کیجریوال نے اپنی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ سنیچر کو وزیراعلی کے عہدہ کا حلف لے رہے ہیں اور بہتر ہوتا کہ آٹو والے دو دن اور رک جاتے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی دو دن میں حکومت بنانے جارہی ہیاور وہ اس با ت کا جائزہ لیں گے کہ حکومت بنانے سے دو دن قبل قیمت بڑھانے کی ضرورت کیوں پڑی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی این جی کی قیمت بڑھانے کی ضرورت ہوئی تو وہ آٹو رکشا کے کرایوں میں ترمیم کرنے پر غور کریں گے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران آٹو والوں نے عام آدمی پارٹی کو کافی تعاون دیا ہے اور پارٹی ان کی پریشانیوں سے بخوبی واقف ہے۔ انہوں نے آٹو ڈررائیوروں سے کہا کہ انہیں بھی عوام کی پریشانیوں کا خیال رکھنا چاہئے۔ایک نیوز چینل میں دہلی سکریٹریٹ میں فائلوں کے پھاڑ ے جانے کے اسٹنگ آپریشن کے سلسلہ میں پوچھنے پر مسٹر کیجریوال نے کہا کہ فی الحال سرکاری کاغذات کی حفاظت کرنا چیف سکریٹری کی ذمہ داری ہے اور اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ اس سلسلہ میں معلومات حاصل کریں گے۔دریں اثنا ذرائع کے مطابق مسٹر کیجریوال کل اپنی رہائش گاہ غازی آباد ضلع کے کوشانبی سے میٹرریل کے ذریعہ رام لیلا میدان میں حلف لینے جائیں گے۔