نئی دہلی، 16 جنوری (یو این آئی ) بی جے پی میں کل ہی شامل ہوئی کرن بیدی کا کہنا ہے کہ وہ آپ کے لیڈر اور دہلی کے سابق وزیراعلی اروند کیجریوال کے خلاف چناؤ لڑنے کے لئے تیار ہیں اور اگر ہار بھی جاتی ہیں تو کوئی پرواہ نہیں ہے ۔محترمہ کرن بیدی کو دہلی کے وزیراعلی کے عہدے کا مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے ۔ ملک میں انڈین پولیس سروس کی پہلی افسر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والی محترمہ بیدی کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائیاں چل رہی ہیں کہ انھیں نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں مسٹر کیجریوال کے خلاف اتارا جاسکتا ہے ۔محترمہ کرن بیدی نے آج میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ پارٹی کو طے کرنا ہے کہ میں کہاں سے چناؤ لڑوں، پارٹی جہاں سے کہے گی میں وہاں سے چناؤ لڑوں گی اس ب
ارے میں فیصلہ پارٹی کو کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیجریوال کے خلاف میں نئی دہلی حلقہ سے الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔ اگر میں ہار بھی جاتی ہوں تو مجھے اس کی فکر نہیں۔ سابق پولیس افسر نے کہا کہ دہلی کو ترقی کے لئے مضبوط اور مستحکم سرکار کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلی بننے کے بارے میں پوچھے جانے پر کرن بیدی نے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔