نئی دہلی ۔ 21 جون (یو این آئی) دہلی کے سابق وزیراعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے نئے گھر کے معاملے پر تنازعہ شروع ہوگیا ہے۔مسٹر کیجریوال کو سول لائنس میں کرایہ پر ایک کوٹھی ملی ہے جس پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی کا کہنا ہے کہ مسٹر کیجریوال مکان سے متعلق کہہ ر ہے ہیں کہ مکان مالک نے خود انہیں اس کی پیشکش کی تھی جبکہ مالک کا، جو کہ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ کے بیٹے ہیں، کہنا ہے کہ مکان کو پراپرٹی ڈیلر کی معرفت دیا گیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کی طرف ٹوئٹر پر کہا گیا تھا کہ مسٹر کیجریوال پارٹی کے ایک رکن کے گھر میں رہیں گے جس کے لئے انہیں محض ایک روپیہ کرایہ کے طورپر ادا کرنا ہوگا۔مسٹر کیجریوال کی نئی رہائش گاہ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ کافی پرانی کوٹھی ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے بند ہے۔ کوٹھی 1980 میں چاندنی چوک سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے بھیکھو رام جین کے بیٹے نریندر جین کی ہے۔ مسٹر کیجریوال فی الحال تلک لین میں سرکاری رہائش گاہ میں رہ رہے ہیں ۔ وزیراعلی کے عہدہ سے استعفی دینے کے کچھ دن بعد ان سے اسے خالی کرنے کے لئے کہا گیا تھا جس پر انہوں نے بیٹی کی 12 ویں کلاس کے امتحانات کے سبب مزیدچند دن رہنے کی اجازت مانگی تھی۔ امید کی جارہی ہے کہ مسٹر کیجریوال اب جلد ہی نئے گھر میں منتقل ہوجائیں گے۔