نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال نے مہاراشٹر کے لاتور میں پانی کے بحران کے پیش نظر وہاں ریل گاڑی سے پانی بھجوائے جانے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کی ہے ۔مسٹر کیجری وال نے آج مسٹر مودی کو ایک خط لکھ کر کہا کہ لاتور میں پانی کی زبردست قلت ہے ۔ مرکزی حکومت نے اس کی مدد کیلئے ٹرین سے پانی بھجوانے کا بندوبست کیا ہے جو قابل ستائش ہے ۔
21 ویں صدی میں ملک میں پانی کی کمی سے اگر موت ہوتی ہے تو یہ ہم سبھوں کیلئے شرم کی بات ہوگی۔ مصیبت کی اس گھڑی میں پورے ملک کا فرض ہے کہ کہ وہ لاتور کی مدد کرے ۔وزیر اعلی نے کہاکہ ویسے تو دہلی میں پانی کی کافی کمی ہے لیکن لاتور کے لوگوں کی مددکیلئے دہلی 10 لاکھ لیٹر پانی دینے کو تیار ہے ۔ مرکزی حکومت اس کو بھجوانے کا بندوبست کرے تو دہلی فوراً پانی فراہم کرانے کو تیار ہے ۔
مسٹر کیجری وال نے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ لاتور کی مدد کیلئے ملک بھر کے وزرائے اعلی سے اپیل کریں۔