نئی دہلی : قومی دارالحکومت کے کیرل ہاوس میں گائے کا گوشت پیش کرنے کا تنازع پیدا کرنے والے ہندو سینا کے صدر وشنو گپتا کو اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے ہندوتو کو فروغ دینے کی ان کی کوششوں کے لئے اعزاز سے نوازا ہے ۔ہندومہا سبھا کی طرف سے مسٹر گپتا کو یہ اعزاز کل یہاں ایک پروگرام میں دیا گیا۔ وشنوگپتا کے ساتھ ہی کیرل بھون تنازع میں ان کا ساتھ دینے والے دیپک شرما اور دیویندر اپادھیائے کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ دیویندر پریس کلب میں جموں و کشمیر کے ایک ممبر اسمبلی انجینئر راشد پر سیاہی پھینکنے کی وجہ سے سرخیوں میں آئے تھے ۔ہندو مہاسبھا کے قومی صدر چندرپرکاش کوشک نے کہا کہ بی جے پی کے دور میں ہندوتو کو اس کا صحیح مقام دلانے کا موقع مل رہا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندووں کو آج تک دبانے کا کام ہی ہوتا رہا ہے ۔ خیال رہے کہ یہ وہی تنظیم ہے جو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو سچا قوم پرست قرار دیتا ہے ۔