اقوام متحدہ، 14 دسمبر (یو این آئی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بین اقوامی برادری سے شام میں کیمیائی حملے کرنے کے ذمہ دار لوگوں پر پابندی لگانے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جمعرات کو جاری ایک نئی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ زہریلے ہتھیاروں کا ذخیرہ تباہ کرنے پر رضامند ہونے سے قبل شام میں 5 مرتبہ کیمیائی حملے کئے جاچکے ہیں ۔ مسٹر مون نے کل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کہا میں شام میں کیمیائی اسلحہ کے استعمال کی مذمت کرتا ہوں جو انسانیت کے حوالے سے عالمی اصولوں کے منافی اور بھیانک جرم ہے۔
انہوں نے کہا بین اقوامی برادری کی یہ اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے کہ وہ کیمیائی حملوں کے قصورواروں کا پتہ لگائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی وارداتیں انجام دینے کا سوچنے والوں کے دل میں خوف پیدا ہو۔مسٹر مون نے کہا کہ شام نے کہا کہ شام میں کیمیائی اسلحہ کے ذخیرے کو تباہ کرنے کے کام کی پیش رفت سے وہ مطمئن نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین اقوامی برادری یہ امیدکرتی ہے کہ شام 2014 کے ابتدائی مہینوں میں اس مہلک ذخیرے کو تباہ کرنے کے اپنے وعدوں کو پوری ایمانداری سے پورا کرے گا۔