لکھنؤ(نامہ نگار)بازارکھالہ علاقے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں اچانک سلنڈرپھٹنے سے زورداردھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی جس سے تقریباًنصف درجن افرادشدیدطورسے جھلس گئے دیگرافرادکو معمولی طورسے چوٹیں آئیں موقع پر پونچی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے کافی مشقت کے بعد آگ پرقابوپایا۔پولیس کا کہناہے کہ اس حادثہ میں جھلسے لوگوں میں ایک بچہ کی حالت سنگین ہے۔بازارکھالہ حلقہ کے تحت نادان محل روڈپرگلمرگ ہوٹل کی مالک شہناززوجہ پپونے وہیں پرایک مکان تعمیرکرایاتھاجس میں کرائے داررکھ لئے تھے کئی برسوں سے اس میں کرائے داررہ رہے تھے اسی مکان میں ابھیشیک عرف امت نام کا نوجوان رہتاہے جوکیمیکل بنانے کا کام کرتا ہے۔امت مکان کے نچلے حصہ میں کیمیکل بناتا تھااوربالائی حصہ میں رہتاتھامکان کے عقبی حصہ میں دیگرکرائے داررہتے ہیں۔ انسپکٹر بازار کھالہ نے بتایاکہ جمعہ کو دکان کا شٹربند تھاتبھی اس میں اچا نک ایک زبردست دھماکہ ہو ااو ردھماکہ سے لگی آگ باہرتک پہونچ گئی جس کی وجہ سے شٹرکے نزدیک کھڑے لوگ بری طرح جھلس گئے علاقے میں افراتفری مچ گئی ۔اطلاع ملتے ہی موقع پرپہونچی فائربریگیڈ کی دوگاڑیوں نے تقریباً ایک گھنٹے کی مشقت کے بعدآگ پرقابوپالیا۔
پولیس کا کہناہے کہ آگ لگنے کا سبب پتہ نہیں چل سکاہے فی الحال اس حادثہ میں تقریباً نصف درجن سے زیادہ لوگ جھلس گئے ہیں جس میں وہیں کے رہنے والے سات سالہ معصوم فیضوکی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے زخمیوں کو سوئل اوربلرام پور اسپتال میں داخل کرایاہے ۔بتایا جا رہاہے کہ سلنڈرمیں دھماکہ ہونے سے آگ لگی تھی لیکن ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
دکان کے اندررکھے کیمیکل سے بھرے پانچ لیٹرکے کینوں میں جیسے ہی آگ لگی تبھی ایک زوردار دھماکہ ہوگیااورآگ کے گولے نے شٹرتوڑ کر باہرموجودلوگوں کو اپنی زدمیں لے لیا۔
تنگ گلیوں کے اندرچل رہاتھاکیمیکل بنانے کا کام :حادثہ ہونے کے بعد ہی ہمیشہ پولیس اپنی نیندتوڑ کر موقع پرپہونچتی ہے تنگ گلی اورگھنی آبادی کے درمیان ایک مکان کے نیچے بنی دکان میں کیمیکل بنانے کا کام چل رہاتھا۔جس کے بارے میں علم ہونے کے باوجود پولیس لاعلم بنی ہوئی تھی بتایاجارہاہے کہ جس وقت دھماکہ ہوااس وقت دکان کا شٹرتوباہرسے گراہواتھالیکن اندرکچھ لوگ کیمیکل بنانے کا کام کررہے تھے۔ دھماکہ سے دکان کی دیواروں اورچھت میں موٹی درارپڑگئی ہے موقع پرموجود لوگوں کا کہناہے کہ حادثہ کے بعدسے مکان کسی بھی وقت منہدم ہوسکتاہے کیونکہ دھماکہ سے مکان کی بنیادیں ہل گئی ہیںحادثہ کے بعد سے مکان کے قریب رہنے والوں میں خوف پیداہوگیاہے ۔