لندن:برطانیہ میں ہونے والی جدید تحقیق کے مطابق کینسر (سرطان) اب ناقابل علاج مرض نہیں رہا لیکن ضروری ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اس کی تشخیص کی جائے ورنہ موت کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔ ہرسال لاکھوں نوجوانوں میں ابتدائی سطح پر ہی مختلف اقسام کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے کیونکہ کچھ علامات ایسی ہوتی ہیں جن کی مدد سے کینسر کے بارے میں جلد ہی علم ہوجاتاہے۔کینسر کی پانچ ایسی بنیادی علامات ہیں جنہیں اکثر لوگ عام بیماری سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں۔برطانیہ کی اس طبی تحقیق میں ایسی ہی علامات کو سامنے لایاگیاہے جنہیں نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طورپر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
۱)درد:ان میں پہلی علامت درد ہے یعنی جسم کے کسی حصے میں ایسا درد جو درد کش ادویات کے استعمال کے باوجود ختم نہ ہو تو فوری طورپر ڈاکٹر کے پاس جا کر اس کی جانچ کروانی چاہیے۔
۲)ابھار یا سوجن :کوئی ابھار یا سوجن دوسری بڑی علامت ہے ، اگر جسم کے کسی حصے میں کوئی غیر متوقع ابھار پیدا ہوجائے یا ایسی سوجن ہوجو ختم ہونے میں ہی نہ آرہی ہوتو فوری طورپر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
۳)انتہائی تھکن :تیسری علامت شدید بلکہ انتہائی تھکن کی ہے یعنی اگر آپ ہر وقت اتنی تھکاوٹ محسوس کررہے ہوں کہ آپ کے لیے جاگتے رہنا مشکل ہوجائے تو یہ بھی کینسر کی ایک علامت ہوسکتی ہے۔
۴)وزن میں کمی :چوتھی علامت بظاہر خوش کن ہوسکتی ہے خاص طورپر خواتین کیلئے ، مگر یہ فکر مندی کاباعث بھی ہوتی ہے۔ اگر چانک ہی وزن میں تیزی سے کمی آنے لگے جس کی کوئی خاص وجہ بھی نہ ہو یعنی ورزش یاڈائٹنگ وغیرہ بھی نہ کررہے ہوتو یہ بھی کینسر کی علامات ہوسکتی ہیں۔
۵)تل میں تبدیلی :پانچویں علامت جسم میں موجود تل میں تبدیلی آناہے۔وہ تبدیلی رنگت کی بھی ہوسکتی ہے اور حجم کی بھی۔ اگر ایسا ہوتو فوری طورپر ڈاکٹر سے رجوع کیاجانا چاہیے۔