لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ عالم باغ کے اجنتا اسپتال کی تیسری منزل سے کود کر کینٹین ملازم دلیپ شکلا کی موت کے سلسلہ میں اس کے بھتیجے نے کینٹین مالک پر استحصال کا الزام عائد کیا ہے۔ بھتیجے نے کہا کہ اس کے چچا پر کام کا دباؤ تھا اور وقت سے زیادہ ڈیوٹی کرنی پڑ رہی تھی۔ موصولہ خبر کے مطابق اجنتا اسپتال کی تیسری منزل سے کود کر اسپتال کے ملازم دلیپ شکلا کی علاج کے دوران ٹراما سینٹر میں موت ہو گئی۔ دلیپ اجنتا اسپتال کی کینٹین میں ملازمت کر رہا تھا۔ دلیپ کے بھتیجے سنجیو شکلا نے کینٹین مالک کے خلاف دلیپ کا استحصال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ سنجیو نے کہا ہے کہ کینٹین کا مالک اس کے چچا سے ضرورت سے زیادہ کام لیا کرتا تھا اور تنخواہ بھی وقت پرنہیں دیتا تھا جس کی وجہ سے اس کا چچا پریشان تھا۔ جمعہ کو اس کی اس معاملہ میں گفتگو بھی ہوئی تھی۔ سنجیو نے بتایا کہ اس کے چچا کا کہنا تھا کہ جلد ہی وہ کینٹین کی ملازمت کو چھوڑ دیں گے۔ سنجیو سنیچر کی شام کمرے میں موجود تھا اسی دوران فون سے اس کے چچا کی موت ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ سنجیو نے کینٹین کے مالک کے خلاف پولیس
کو تحریر دی ہے۔ پولیس آنند سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔