امرتسر، 25 اپریل (یو این آئی) پنجاب کے سابق وزیراعلی اور امرتسر سیٹ کانگریس کے امیدوار کیپٹن امرندر سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت اعظمی کے امیدوار نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ کیا ان کا امرتسر دورہ بکرم سنگھ مجھٹیا کی جرائم پر مبنی سیاست کے لئے جواز فراہم نہیں کرے گا مسٹر سنگھ نے مسٹر مودی کوگجرات میں مقیم پنجابی کسانوں کو زبردستی نہ بھگانے کے ان کے وعدہ کی یاد دلائی اور الزام عائد کیا کہ مسٹر مودی نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا۔مسٹر مودی کے نام ایک کھلے خط میں کیپٹن سنگھ نے کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق آپ جمعہ کے روز امرتسر آرہے ہیں اس ضمن میں آپ کو گزشتہ 23 فروری کی جگراؤں کی ریلی میں گجرات کے پنجابی کسانوں کے بارے میں آپ کے وعدے کو یاد دلار ہا ہوں جس میں آپ نے انہیں گجرات سے نہ نکالنے کا وعدے کیا تھا۔ ا سی طرح آپ نے یہ تاثر دیا کہ آپ کی حکومت گجرات ہائی کورٹ کے پنجابی کسانوں کے حق میں دیئے گئے فیصلہ کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو واپس لے لے گی۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت گجرات نے ابھی تک اس تعلق سے کوئی مثبت کارروائی نہیں کی ہے جس سے آپ کے خلوص کا پتہ چلے۔