لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سوائن فلو کے بڑھتے مریضوں کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کے جی ایم یو اور پی جی آئی میں بستر بڑھانے کا حکم دے دیا۔ اس حکم کے تحت کے جی ایم یو میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا جبکہ سرکاری اسپتالوں میں بھی اضافی بستروں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ کے جی ایم یو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ
ادارہ میں سوائن فلو کیلئے علیحدہ او پی ڈی بھی چلائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اتوار کوہدایت دی کہ ایس جی پی جی آئی اور کے جی ایم یو میں سوائن فلو کے مریضوں کیلئے بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ کے حکم کے بعد کے جی ایم یو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وید پرکاش نے کہاکہ بستروں کی تعداد میں اضافہ کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور منگل تک بستروں میں اضافہ ہو جائے گا۔ کے جی ایم یو انتظامیہ سوائن فلو کیلئے علیحدہ او پی ڈی چلانے پر بھی غور کر رہا ہے۔ جگہ کا انتخاب ہوتے ہی سوائن فلو کی علیحدہ او پی ڈی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ میں پہلے سے ہی مریضوں کے بھرتی ہونے میں کوئی پریشانی نہیں ہورہی ہے اور اب اضافی بستروں کے حکم کے بعد بندوبست کو مزید درست کیا جا رہا ہے۔ وہیں ایس جی پی جی آئی کے افسر بھی کہتے ہیں کہ سپر اسپیشیلٹی اسپتال ہونے کی وجہ سے سنگین مریضوں کو یہاں چوبیس گھنٹے بھرتی کی سہولت ہے۔ ادارہ کے افسران نے دعویٰ کیا کہ اگر کوئی سنگین مریض آتا ہے تو اسے فوراً طبی سہولت فراہم کرائی جائے گی۔ افسران کا کہنا ہے کہ مریضوں کو بھرتی کرنے کی کافی سہولت موجود ہے۔ ان سب باتوں کے درمیان سرکاری اسپتالوں میں بھی سوائن فلو کے مریضوں کو بھرتی کرنے کی سہولتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ سی ایم او کا دعویٰ ہے کہ سبھی اسپتالوں میں وارڈ وغیرہ درست ہیں اور مریضوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں ہوگی۔
سوائن فلو کے ملے گیارہ نئے مریض:- بارش کے درمیان دو شنبہ کو آئی سوائن فلو کی رپورٹ میں گیارہ نئے مریضوں میں ایچ -1این -1کی تصدیق ہو گئی۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے نمونے گزشتہ اٹھائیس فروری کو لئے گئے تھے۔ سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو کا کہنا ہے کہ سات مریض کے جی ایم یو کی او پی ڈی میں آئے تھے جبکہ تین مریض ایس جی پی جی آئی میں اپنے نمونے دے گئے تھے جبکہ ایک دیگر نجی طبی ادارہ سے آیا تھا۔ ڈاکٹر یادو کے مطابق سبھی مریضوں کو ویکسین فراہم کرا دی گئی ہے اور سبھی کو آئیسولیٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔