برسبین (یو این آئی)ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نیکہاکہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ گابا میں ہندوستان کا پچھلا ریکارڈ کیسا رہا ہے۔ بلکہ انہیں امید ہے کہ یہاں کی اچھال بھری پچوں پر مہمان ٹیم کے کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے پچھلے کچھ عرصے سے ٹیم انڈیا سے باہر چل رہے کپتان دھونی نے دوسرے برسبین ٹسٹ سے پہلے گابا میں ہندوستان کی اچھی کارکردگی کا یقین دلایا ہے۔ ٹیم انڈیا کے قائم مقام کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت میں ایڈیلیڈ ٹسٹ 48 رن سے ہارکر ہندوستان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک سے پچھڑ گیا ہے۔برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں جہاں ہندوستان کا ریکارڈ کافی مایوس کن رہا ہے اور اس نے کبھی بھی یہاں کوئی ٹسٹ نہیں جیتا ہے تو دوسری طرف آسٹریلیا نے چھبیس سال پہلے یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف ایک ٹسٹ میچ میں شکست کھائی ہے۔جب 1988 میں وویون رچرڈ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کو نو وکٹ سے ہرایا تھا۔ہندوستان کو اس پچ پر 2003 میں صرف ایک بار میچ ڈرا کرانے میں کامیابی ملی ہے۔ ایسے میں جیت کی پٹری پر لوٹنے کا ہدف لے کر چل رہی ٹیم انڈیا کے لئے ابھی سے دباؤ پیدا ہوگیا ہے۔مگر ٹیم انڈیا کے سب سے کامیاب کپتان دھونی اس بات سے بالکل اتفاق نہیں کرتے انہو ںنے میچ سے قبل کہاکہ مجھے اچھال بھری اور تیز پچوں سے کوئی دقت نہیں ہے۔اگر آپ ریکارڈ کو دیکھیں تو یہ صحیح ہے کہ ہم نے گابا میں میچ نہیں جیتا ہے لیکن جہاں تک بات تیز پچوں کی ہے تو ہم جوانسبرگ اور پرتھ کی اچھال بھری پچوں پر کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔کپتان نے کہاکہ ہمارے لئے یہ نیا چیلنج ہے۔ کیونکہ ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں اور امید ہے کہ نئے کھلاڑیوں کے پاس یہاں سیکھنے کا موقع ہوگا جس سے وہ فائدہ اٹھائیں گے۔ وکٹ کیپر بلیباز نے ایڈیلیڈ ٹسٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے آخری دو یا تین سیریز میں اسی مسئلے کا سامنا کیا ہے کہ ہم میچ میں جیت کی دہلیز تک تو پہنچیں لیکن پھر فتح حاصل کرنے میں ناکام رہے۔