لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مہانگر بیج کارپوریشن میں تعینات گارڈ کو بولیرو کار میں سوار لوگوں نے بری طرح پیٹا اور اسے اغوا کرنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملنے کے بعد مہا نگر پولیس نے کار میں سوار چاروں لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بولیرو کار کو بھی برآمدکر لیا ہے۔ گارڈ نے الزام عائد کیا ہے کہ پوری واردات کو اس کے بھائی اور اس کے داماد نے زمین کی لالچ میں انجام دیا ہے۔ سی او مہا نگر راج کمار اگروال نے بتایا کہ چنہٹ کا باشندہ کیلاش یادو بیج کارپوریشن محکمہ میں بطور گارڈ ملازمت کرتا ہے۔ آج دوپہر اس کے
دفتر پر کار میں سوار چار نوجوان پہنچے، ان لوگوں نے پہلے تو کیلاش یادو سے بات کی اور اس کے بعد اسے پیٹنے لگے اور کیلاش یادو کو زبرستی کار میں بٹھانے کی کوشش کرنے لگے۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر مہانگر پولیس کو دیکھ کر کار میں سوار نوجوانوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں گھیر لیا۔ پولیس نے بولیرو کار کو بھی اپنے قبضہ میں لے لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار لوگوں نے اپنا نام مڑیاؤں کا باشندہ سندیپ، کش، کاکوری کا باشندہ دلیپ اور جانکی پورم کا باشندہ سنجے سنگھ بتایا۔ ملزم سندیپ اور سنجے پیشہ سے ڈرائیور ہیں جبکہ دلیپ اور کش طالب علم ہیں۔ ملزمین نے بتایاکہ ان لوگوں کو چنہٹ کے باشندے رام جیاون اور اس کے داماد نے گارڈ کیلاش کو اغوا کرنے کیلئے کہا تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو یہ بات معلوم ہوئی کہ کیلاش اور رام جیاون حقیقی بھائی ہیں۔ کیلاش کے کنبہ میں کوئی نہیں ہے اور اس کے پاس آٹھ بیگھہ آراضی ہے ۔ رام جیاون اور اس کے داماد کے ساتھ کیلاش کا جھگڑا چل رہا ہے۔ انسپکٹر مہا نگر نے بتایا کہ اس معاملہ میں رام جیاون اور اس کے داماد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔