نئی دہلی: جنتا دل (یو) کے رکن کے سی تیاگی نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی، ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جدید ہندوستان کی تعمیر میں گراں قدر خدمات کو فراموش نہیں جا سکتا ۔
مسٹر تیاگی نے آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 125 ویں یو م پیدائش کی یاد میں آئین کے تیئں عہد بستگی پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ان تینوں عظیم رہنماؤں کی وراثت کو ضائع نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ مسٹر تیاگی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ہندو مذہب کی عدم رواداری کی وجہ سے ہی اس مذہب کو چھوڑ دیا اور اپنے حامیوں کے ساتھ بدھ مذہب اختیار کرلیا۔
مسٹر تیاگی نے کہا کہ دادری کا واقعہ حادثہ نہیں تھا بلکہ یہ معاشرے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ہندوستان کی تعمیر بڑے دل سے ہو سکتی ہے ۔
ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن نے کہا کہ آزادی کے 68 برسوں کے بعد بھی سر پر میلا ڈھونے کی روایت آج بھی ہے اور 19 برسوں سے پارلیمنٹ میں خواتین کو ریزرویشن دینے کا بل زیر التوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے لوک سبھا میں جتنے بھی ارکان ہیں ان میں سے 35 فیصد خواتین ہیں۔ انہوں نے بار بار آرڈیننس جاری کرنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اچھی جمہوریت کے لئے یہ صحیح نہیں ہے ۔ انہوں نے کچھ منصوبوں میں مرکزی رقم کے الاٹمنٹ کو ختم کرنے پر تشویش ظاہر کی۔