بھرت پور: راجستھان کے بھرت پور کے قصبہ روپواس میں گزشتہ رات مہاتما گاندھی کی مورتی کی توہین کرنے والے شخص کا پولیس اب تک کوئی سراغ نہیں لگا سکی ہے ۔واضح ر ہے کہ گزشتہ رات قصبے کے کانگریس کے دفتر میں رکھی مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو کسی نامعلوم شخص کی طرف سے میونسپل آفس کے سامنے سڑک پر ڈال کر توہین کرنے کے معاملے کی اطلاع پر پہنچے ایس ڈی ایم نے مجسمے کو موقع سے اٹھواکر اپنی رہائش گاہ پر رکھوا دیا ہے ۔اطلاع کے مطابق کل شام کسی نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو قصبے کے میونسپل دفتر کے باہر سڑک پر پھینک دیا۔ مجسمہ گھنٹوں روڈ پر پڑا رہا۔ کافی دیر کے بعد ایس ڈی ایم کو مورتی کے سڑک پر پڑے ہونے کی اطلاع ملنے پر انہوں نے اسے اٹھواکر رہائش گاہ پر رکھوا دیا۔ روپواس کے ایس ڈی ایم سنتوش مینا نے بتایا کہ پولیس میں معاملہ درج کرواکر قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔