لکھنؤ۔(نامہ نگار)بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک دہشت گردی ، غربت ،افلاس ، بھکمری، بے روزگاری اور گرانی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے لیکن یہ سب مخالف جماعتوںکیلئے کوئی معنی نہیں رکھتے ،سماجوادی پارٹی ،بی ایس پی اور کانگریس نے ہمیشہ ذات اور مذہب کی سیاست کی ہے ۔ملک کی ترقی کے بارے میں کسی نے نہیں سوچا۔ اسی کے سبب ملک کی اقتصادیات کو نقصان ہوا اگر بی جے پی کی حکومت نے اقتدارحاصل کیا تو تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی کیوں کہ بی جے پی ترقی کی سیاست کرتی ہے بربادی کی نہیں ۔گڈکری نے مزید کہا کہ بی جے پی کو اگر حکومت بنانے کا موقع ملا تو گاؤں
میں ۲۴گھنٹے بجلی فراہم کرائی جائے گی اور چھہ مہینوں میں ۲۵فیصد گرانی ختم ہوجائے گی۔ انہوںنے کہا کہ یوپی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب ملک کو زبردست نقصان ہوا ہے۔ بدعنوانی اور گرانی نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری نے بی جے پی کے ریاستی دفتر پر منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس تمام محاذوں پر ناکام ثابت ہوگئی ہے۔ کانگریس کے پالیسیوں کے سبب ملک میں صنعتیں بند ہونے کے دہانے پر ہیں ۔کسان خودکشی کررہے ہیں ،گرانی اور بدعنوانی عروج پر ہے، غریبی دور کرنے کے جھوٹے دعوے کرنے والے غریبوں سے ذات اور مذہب کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں لیکن انہیں شاید یہ نہیں معلوم کہ غریب ہوتا ہے اس کی کوئی ذات نہیں ہوتی ہے۔ ملک میں جب بی جے پی کی حکومت بنے گی تو ملک کی غریبوں کو دور کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ گڈکری نے راہل ،سونیا پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جو امیٹھی رائے بریلی کو نہیں سنبھال سکے وہ ملک کو کیا سنبھالیںگے۔ سونیا گاندھی اپنے داماد پرعائد الزامات کی صفائی کیوں نہیں دے رہیں ان کے جواب نہ دینے سے یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں حکومت قائم ہونے کے بعد ہم ذات مذہب اور زبان کی بنیاد پر امتیاز نہیں کریں گے۔ ترقی کی اسکیموں کو مؤثر بنایاجائے گا۔ انفراسٹرکچر کو مضبوط کیا جائے گا۔ کسانوں ،نوجوانوں اور غریبوں کیلئے اسکیمیں بناکر انہیں ملک کی ترقی میں حصہ دار بنائیں گے۔ اس موقع پر ناگپور کے ڈپٹی میئر زین افسر خاں راجستھان حکومت کے وزیریونس خاں، بی جے پی کے ریاسی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت موجود تھے۔