دوسری ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں پر سخت نظر رکھنے کی دی ہدایت
لکھنؤ: چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوںمیں اوور لوڈنگ کو ہر حالت میں روکا جائے۔ محکمہ تعمیرات عامہ، محکمہ معدنیات اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ طور سے مہم چلاکر اس پر قدغن لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ اوور لوڈنگ گاڑی چلنے کے سبب سڑکیں خراب ہونے کی پوری امیدیں ہوتی ہیں۔ عام باشندوں کو آمد و رفت کیلئے بہتر سڑک دستیاب کرانے کیلئے ہر حالت میں یقینی بنانا ہوگا کہ سڑکیں خراب نہ ہونے پائے۔ اوور لوڈنگ گاڑیوں کو پکڑے جانے پر متعلقہ گاڑی مالک کے ساتھ ساتھ ڈرائیور اور بغیر روانہ کے پٹہ علاقہ سے زیادہ سامان لوڈ ہونے پر متعلقہ پٹہ ہولڈر کے خلاف ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے۔ چیف سکریٹری آج سڑکوں پرچلنے والی گاڑیوں میں اوور لوڈنگ روکنے کیلئے موثر کارروائی کئے جانے کی ہدایت دے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اوور لوڈنگ گاڑیوں کی جانچ یقینی بنائی جائے۔ اگر کسی بھی حالت میں اوور لوڈنگ پائی جاتی ہے تو متعلقہ ضلع انتظامی افسروں کے ساتھ ساتھ ضلع کے معدنیات افسر کی بھی ذمہ داری طے کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ دیگر ریاستوں سے آنے والی بھاری گاڑیوں پر سخت نظر رکھی جائے تاکہ بھاری گاڑی اوور لوڈ ہوکر اگر اترپردیش کی سرحد میں داخل ہوتی ہے تو اس کے خلاف فوری سخت سے سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔ جلسہ میں پرنسپل سکریٹری داخلہ دیبا شیش پانڈا ، چیف سکریٹری محکمہ تعمیرات عامہ، کے ایس اٹوریا، پرنسپل سکریٹری معدنیات ڈاکٹر گردیپ سنگھ، ٹرانسپورٹ کمشنر کے رویندر نائک سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔