نئی دہلی: دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے تین افراد کو گرفتار کر کے گاڑی چرانے والے ایک بڑے گروہ کو بے نقاب کیا ہے ۔پکڑے گئے ملزمین سے دو سگے بھائی ہیں۔ ان سے اتم نگر، دوارکا، روہنی شمال، کیرتی نگر اور ڈی ایل ایف گڑگاؤں سے چرائی گئیں چھ گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ملزمین کی شناخت آزاد سنگھ، آکاش اور محمد تاسم کے طور پر کی گئی ہے ۔کرائم برانچ کے جوائنٹ پولیس کمشنر رویندر یادو نے بتایا کہ پولیس کو جنوب مغربی اور مغربی دہلی میں گاڑی چوروں کے ایک گروہ کے سرگرم ہونے کی خفیہ اطلاع ملی تھی اسی بنیاد پر پولیس نے ان علاقوں میں نگرانی بڑھا دی تھی۔اس درمیان پولیس کو پتہ چلا کہ جمعرات کو گاڑی چوروں کے گروہ کا رکن آکاش اپنے ساتھیوں کے ساتھ چوری کی گاڑی فروخت کرنے کے لئے ککرولا کے دوارکا موڑ علاقے میں آنے والا ہے ۔ اس اطلاع کی بنیاد پر وہاں جال بچھاکر تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ لوگ جن گاڑیوں میں آئے تھے ، ان کے کاغذات بھی ان کے پاس نہیں ملے اور تفتیش میں پتہ چلا کہ تمام گاڑیاں چوری کی ہیں۔پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے گاڑی چرانے کے چند دیگر معاملات میں ملوث ہونے کی بات قبول کی۔ پولیس ملزمین سے ان کے گروہ کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔