نئی دہلی،30؍جنوری۔(یو این آئی) گجرات کے گاندھی نگر میں آج ای۔حکمرانی سے متعلق اٹھارہویں قومی کانفرنس کا افتتاح گجرات کی وزیراعلیٰ محترمہ آنندی بین پٹیل نے کیا۔ 30 اور 31؍جنوری 2015 تک چلنے والی اس دو روزہ کانفرنس کا انعقاد حکومت ہند کے محکمہ انتظامی اصلاحات و عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی) اور الیکٹرانکس واطلاعاتی ٹیکنالوجی کے محکمے نے حکومت گجرات کے محکمہ سائنس وٹیکنالوجی کے اشتراک سے کیا ہے ۔
اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا پیغام ٹوئیٹر پر دیا۔ اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے
کہ اس کانفرنس میں متعدد نئے تصورات ابھر کر سامنے آئیں گے جو آنے والے برسوں میں ہمارے ملک کی مدد کریں گے ’ وزیراعظم نے شرکاء سے درخواست کی کہ وہ ایسی راہیں دریافت کریں جن کی مدد سے عوام کو زیادہ سے زیادہ خدمات موبائل فون کے توسط سے دستیاب کرانا ممکن ہوسکے اور دنیا ہمارے موبائل میں سماجائے ۔ انہوں نے ڈیجیٹل انڈیا سے متعلق اپنے خواب کو حقیقت کا رنگ دینے سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے محترمہ آنندی بین نے کانفرنس کی میزبانی کیلئے گجرات کا انتخاب کرنے پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کانفرنس کا موضوع ‘ڈیجیٹل حکمرانی۔ نئے گوشے ’بہت ہی بامعنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متعدد ای۔گورننس اپیلیکشن میں حکومت گجرات کو اولیت کا مقام حاصل ہے جن میں سواگت’ عوامی نظام تقسیم’ ای۔نگر’ ای۔ممتا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ان سے نہ صرف حکومت کو عوام کی خدمات دستیابی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے بلکہ اس سے شہریوں کو یہ خدمات اپنے تعلقہ اور گاؤں میں ہی ملنے لگی ہے ۔