پٹنہ: بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کے ڈی این اے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرہ کے سلسلے میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے وزیر اعظم کا نام لئے بغیر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے گجراتی لیڈروں کی معتبریت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان لیڈروں کو بھگوان بدھ، دانویر کرن، راجا بمبسار، سمراٹ اشوک اور آچاریہ چانکیہ کے ڈی این اے پر اظہار خیال کا کوئی حق نہیں ہے ۔مسٹر یادو نے مائکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر لکھا ‘بی جے پی کے گجراتی لیڈروں کی کوئی معتبریت نہیں ہے ۔
ایسی صورت میں انہیں بھگوان بدھ دانویر کرن، راجا بمبسار، سمراٹ اشوک اور آچاریہ چانکیہ کے ڈی این اے اور جین پر بولنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ وزیر اعلی نتیش کمار کے ڈی این اے پر سوال اٹھا کر بہاریوں کی توہین کی گئی ہے لیکن بہار بی جے پی کے لیڈر ایسے بیہودہ بیان پر بھی کوئی ردعمل پیش نہیں کررہے ہیں۔
وزیر اعظم ایک اچھے اسٹیٹسمین ہوسکتے ہیں، لیکن انہیں کسی کی تہذیب اور اس کے نسل پر بولنے کا کوئی حق نہیں ہے ’۔واضح رہے کہ وزیر اعظم مسٹر مودی نے گزشتہ 25 جولائی کو بہار کے مظفرپور میں بی جے پی کی پریورتن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘ان کے (نتیش کے ) ڈی این اے میں کوئی دقت لگتی ہے ’۔